• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انیل کپور کی فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انیل کپور نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈال دیں۔

69 سالہ انیل کپور نے 48 سالہ ایمانوئل میکرون سے پیرس میں ملاقات کی، فرانسیسی صدر نے اداکار کو اپنے دفتر کا دورہ کرایا اور نپولین کے دور کے نوادرات دکھائے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انیل کپور اور ایمانوئل میکرون کی ملاقات میں فن، ثقافت، سینما، اے آئی اور مستقبل کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جسے اداکار نے انتہائی با مقصد قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان گفتگو اتنے فطری انداز میں آگے بڑھی کہ یوں محسوس ہوا، جیسے ہم ایک دوسرے کو برسوں سے جانتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق انیل کپور نے دوران گفتگو اپنے 4 دہائیوں پر محیط کامیاب فلمی سفر کے ساتھ حالیہ اور آنے والے پروجیکٹس پر فرانسیسی صدر سے گفتگو کی۔

اس موقع پر انیل کپور نے صدر میکرون سے بھارت میں ہونے والی پہلی باہمی ملاقات کی گرمجوشی یاد دلائی اور کہا کہ وہ پیرس میں اپنی اور بھتیجے کی میزبانی پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اداکار نے مزید کہا کہ مجھے ہماری دوستی پر بے حد خوشی ہے، میں بھارت میں آپ کے دوبارہ استقبال کا منتظر ہوں۔

بھارتی اداکار نے 40 سال کے دوران کئی مشہور فلمیں جیسے مشعل، مسٹر انڈیا، تیزاب، رام لکھن، بیٹا، نائیک اور پکار شامل ہیں۔

انیل کپور نے بین الاقوامی سطح پر فلم سلم ڈاگ ملینیئر، مشن امپاسبل، گھوسٹ پروٹوکول کے ساتھ ٹی وی سیریز 24 کے ساتھ عالمی سطح پر داد سمیٹی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید