انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے متعدد اراکین کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں جی پی او چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج پر پولیس نے پکڑ دھکڑ شروع کر دی۔
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما میاں شہزاد فاروق اور حافظ ذیشان کو گرفتار کر لیا۔
این اے 155 سے پی ٹی آئی کے رکن محمد قاسم کو پولیس نے حراست میں لے لیا، پی ٹی آئی ورکرز راؤ محمد قاسم کی قیادت میں احتجاج کر رہے تھے۔
راؤ محمد قاسم نے کہا کہ کل سے پولیس میرے گھر پر چھاپے مار رہی ہے، گفتگو ختم ہوتے ہی پولیس راؤ قاسم کو دھکیلتے ہوئے گاڑی میں ڈال کر لے گئی۔
پولیس نے پی ٹی آئی ایڈووکیٹ فاروق باجوہ کو گرفتار اور کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف نے احتجاجی ریلی کا روٹ تبدیل کر دیا ہے، پی ٹی آئی کی ریلی پیرو دھائی سے آئی جے پی روڈ سے ہوتی ہوئی اسلام آباد میں داخل ہو گی۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان براستہ مری روڈ ریلی کی صورت میں اسلام آباد ڈی چوک جائیں گے۔
مختلف حلقوں کے امیدوار، پی ٹی آئی کارکنان اور ضلع راولپنڈی کی قیادت لیاقت باغ پہنچ گئی ہے، کارکنان نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف نعرے لگائے۔
لیاقت باغ مری روڈ پر پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔