نو منتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ گوادر کے ہر علاقے سے کل تک بارش کا پانی نکال دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے دورہ گوادر میں امدادی کارروائیوں اور نقصانات سے متعلق بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈی جی پی ڈی ایم اے اور چیف سیکریٹری کو مکمل نکاسی آب تک گوادر میں رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 700 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، ڈی سی گوادر کو 10 روز میں نقصانات پر رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ 20 روز میں نقصانات کا ازالہ کر کے امداد متاثرین کی دہلیز پر پہنچائی جائے گی۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ گورادر کے ہر علاقے سے کل تک بارش کا پانی نکال دیا جائے گا۔ ہر مشکل کی طرح اس بار بھی پاک افواج نے گوادر میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور مدد کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کسی بھی مصیبت میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں، حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔