• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: ڈاکٹر سیّد اقبال شاہ

صفحات: 208، قیمت: 800روپے

ناشر: موجِ سخن اشاعت گھر۔

فون نمبر: 3350102 - 0336

سیّد اقبال شاہ ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں۔ کسی ڈاکٹر پر شاعری مہربان ہوجائے، تو اُس کے وارے نیارے ہوجاتے ہیں۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ’’دلِ مضطرب‘‘ کے نام سے منظرِ عام پر آیا تھا، ہمارے سامنے اُن کا دوسرا مجموعۂ کلام ہے، جس میں اُن کی غزلیں، نظمیں اور گیت شامل ہیں۔ ہم نے اقبال شاہ کے پہلے مجموعے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ’’ان کی شاعری کو روایت کے تسلسل میں پڑھا جائے‘‘ زیرِ کتاب کے مطالعے کے بعد ہماری رائے تبدیل ہوگئی ہے کہ اب وہ جدید آہنگ کے ساتھ سامنے آئے ہیں۔ روایت سے جُڑے رہنا، تہذیبی اقدار کی پاس داری ہے اور جدیدیت کو اپنانا، وقت کی ضرورت۔ 

ڈاکٹر اقبال شاہ کی شاعری میں جمالیاتی کیفیات نمایاں ہیں، رومانی طرزِ احساس بھی ہے، لیکن ان کی نظمیں سماجی اور معاشرتی زندگی کا آئینہ ہیں۔ ان کی شاعری کا بنیادی وصف مادیت پسند اور مطلب پرست معاشرے سے گریز ہے۔ ان کی شاعری، روشن حروف کی شاعری ہے اور حرف کی روشنی، فنا نہیں ہوتی، اپنے قاری کی آنکھوں کے راستے، ذہن و دل میں بسیرا کرلیتی ہے۔ ڈاکٹر اقبال شاہ کی شاعرانہ عُمر زیادہ نہیں، لیکن حیرت اِس بات پر ہے کہ ان کا مجموعۂ کلام اغلاط سے پاک ہے۔ یقیناً اُنہوں نے کسی صاحبِ نظر استاد سے فیض حاصل کیا ہوگا کہ کسی سینئر سے مشورۂ سخن کرنا کوئی بُری بات نہیں۔