مصنّف: فقیراللہ خاں
صفحات: 224، قیمت: 1000 روپے
ناشر: نستعلیق مطبوعات، فیروز سینٹر، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔
فون نمبر: 4489310 - 0300
فقیر اللہ خاں نیویارک، امریکا میں مقیم ہیں اور ان کی کئی کتب شایع ہوچُکی ہیں۔ زیرِ نظر کتاب، جیسا کہ عنوان سے ظاہر ہے، لندن کے سفر پر مشتمل ہے۔اِسے لندن، میوزیم، بِرج، پارکس، باغات اور تعلیم کی روشنی کے مینار کے عنوانات کے تحت مختلف ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر باب بہت سے مضامین پر مشتمل ہے۔
کتاب کے سرِورق پر تحریر ہے’’ لندن کے حوالے سے انتہائی معلوماتی اور دل چسپ سفرنامہ‘‘ اور بلاشبہ مصنّف نے اپنے مضامین کے ذریعے قارئین کو لندن سے خُوب متعارف بھی کروایا ہے، لیکن وہ خود اِس سفر میں کہیں بھی نظر نہیں آتے۔ اِس طرح یہ کتاب کسی سفرنامے کی بجائے گائیڈ بُک لگتی ہے۔
کوئی عنوان قائم کرکے اُس سے متعلق معلومات درج کردی گئی ہیں اور یہ کام تو لندن گئے بغیر بھی ہوسکتا ہے۔ سفرناموں کے قارئین تو یہ جاننے میں زیادہ دل چسپی رکھتے ہیں کہ مسافر پر کیا گزری، اُس کے مشاہدات و تجربات کیا رہے۔ نیز، ضمنی طور پر تاریخ بھی بیان کردی جاتی ہے۔