کراچی (اسٹاف رپورٹر) زلمی افتخار احمد کی حملوں سے بچ نکلی، ان کی جارحانہ اننگز کےباوجود ٹیبل ٹاپراور پلے آف میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کو پشاور زلمی کے ہاتھوں دلچسپ مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ محمد رضوان کی قیادت میں ملتان کوآٹھویں میچ میں دوسری شکست ہوئی جبکہ بابر اعظم کی زلمی 24گھنٹے پہلے ہار سے سنبھلی اور اس نے آٹھویں میچ میں چوتھی کامیابی حاصل کی اس کے پوائنٹس کی تعداد9 ہوگئی اس نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ افتخار احمد نے آخری گیند پر چھکا مار کر اسکور کو دو سورنز تک پہنچا دیا۔ انہوں نے27گیندوں پر پانچ چھکوں اورچار چوکوں کی مدد سے60 اور کرس جارڈن نے12گیندوں پر دو چھکوں اور تین چھکوں کی مدد سے30رنز بنائے۔ دونوں نے28گیندوں پر75رنز کی شراکت قائم کرکے میچ کو قریب پہنچا دیا۔ منگل کوپی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے بھی میچ دیکھا۔ آخری تین اوورز میں58رنز کی ضرورت تھی۔ عامر جمال کی گیند پر صائم ایوب نے افتخار احمد کا آسان کیچ چھوڑ دیا۔ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افتخار نے اوور میں چھ لگا کر 21رنز بناڈالے ۔ آخری اوور میں جیت کیلئے 23رنز درکار تھے۔ محمد رضوان خطرناک موڈ میں تھے لیکن 24گیندوں پر32رنز ایک چھکے اور دوچوکوں کی مدد سے بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ ملان نے جارحانہ انداز اختیار کرنے کی کوشش کی ۔ آصف نے مشکل کیچ کے ذیعے ان کی19رنز کی اننگز کا خاتمہ عامر جمال کی گیند پر کردیا۔ طیب طاہر18گیندوں پر26رنز بناکر کیچ ہوئے۔ 91رنز پر چار وکٹ گنوانے کے بعد افتخار احمد اورخوش دل شاہ نے13کی رن اوسط پر ہدف کا تعاقب شروع کیا ۔ خوش دل شاہ دس گیندوں پر11رنز بناکر نوین الحق کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے۔ قبل ازیں راولپنڈی میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 5 وکٹ پر 204 رنز بنائے۔ صائم ایوب اور کپتان بابر اعظم نے اپنی ٹیم کو 84 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 22گیندوں پر 46 رنز بناکر اسامہ میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، انہوں نے پانچ چھکے اور تین چوکے لگائے ۔ بابر اعظم نے 40گیندوں پر 64 رنز سات چوکے اور دو چھکے لگاکر بنائے ۔ حسیب اللہ خان نے 31 ایک چھکا اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ رومین پاؤل 23اور عامر جمال12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہے۔ پاول نے15گیندیں کھیلیں دوچھکے اور ایک چوکا مارا۔ ملتان سلطانز کے اسامہ میر نے 3 وکٹیں لیں جبکہ کرس جورڈن 2 وکٹیں حاصل کر سکے۔