بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ کی اہلیہ اور ماضی کی اداکارہ جیا بچن نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں بے چینی، پریشانی اور اصطرابی کیفیت کی وجہ انٹرنیٹ ہے۔
انھوں نے یہ بات اپنی نواسی ناویانندہ کے واٹ دی ہیل ناویا سیزن ٹو کی حالیہ چھٹی قسط کے موقع پر گفتگو کے دوران کہی، جو ناویا نے جمعرات کو یوٹیوب پر جاری کی۔
اس موقع پر ناویا، انکی والدہ شویتا نندہ اور نانی جیا بچن شریک گفتگو تھیں اور موضوع انٹرنیٹ تھا۔
جیا بچن کا اس دوران کہنا تھا کہ انٹرنیٹ نے کس طرح نوجوان نسل میں بے چینی پیدا کی ہے جو کہ اسٹریس پیدا کرتا ہے اور بلآخر بے چینی، پریشانی اور اصطرابی کیفیت کا حملہ ہوتا ہے۔
جیا بچن نے کہا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ آپکو اسٹریس لاحق ہے لیکن ایسا ہوتا ہے۔ ہم نے اپنے بچپن میں کبھی بے چینی، پریشانی اور اصطرابی کیفیت کے بارے میں سنا بھی نہیں تھا۔
اور ہمارے بچپن کو چھوڑیں ہم نے تو اپنی درمیانی عمر میں اس کیفیت کا سامنا نہیں کیا۔ تو اسکی وجہ یہ ہے کہ آپکو مسلسل انفارمیشن فراہم کی جارہی ہے۔
تاہم شویتا نے اپنی والدہ کے نکتہ نظر سے اختلاف کرتے ہوئے کہا اضطراب و بے چینی (anxiety) ہمیشہ سے موجود تھی لیکن آج یہ باآسانی قابل شناخت ہے۔