سابق وزیرِ خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ میرے بارے میں پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ مجھ سے وزارت کے پیسے مانگے گئے، میں چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی ایسی بات دکھا دے۔
ایک بیان میں تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ سی ایم ہاؤس میں کھڑا ہوں، پی ٹی آئی میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ناکام بنائیں گے، پارٹی مشکل میں تھی تو میں کھڑا تھا، نہ وزارت چاہیے تھی اور نہ کچھ اور، خیبر پختونخوا حکومت کو ہر طرح کی سپورٹ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی سیاست دانوں کو پھنسانے کیلئے گمراہ کن معلومات دیتی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں قرضوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی، وضاحت کرتا ہوں کہ آج بھی خیبرپختونخوا کا قرضہ 530 ارب روپے ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کے پی کا قرضہ سندھ اور پنجاب سے نسبتاً اب بھی کم ہے، پی ٹی آئی حکومت ختم ہونے تک قرضہ 359 ارب روپے تھا، پی ڈی ایم اور نگراں حکومت میں قرضوں میں 200 ارب روپےکا اضافہ ہوا۔