• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ بی ایل پی ایس ایل، یونائیٹڈ ملتان کیخلاف بڑا ہدف پار کرکے فتح یاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عماد وسیم نے آخری اوور میں چھکا مار کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو ملتان سلطانز کے خلاف تین وکٹ کی دلچسپ فتح دلادی ۔ اسلام آباد نے اس سال ایچ بی ایل پی ایس ایل کا سب سے بڑا اور مجموعی طور پر تیسرا بڑا ہدف عبور کر لیا۔ ملتان نے چار وکٹ پر228رنز بنائے ۔ عماد وسیم نے13گیندوں پر 30رنز بنائے۔ انہوں نے ایک چھکا اورچار چوکے مارے۔ کولن منرو 40گیندوں پر84رنز بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ آخری دو گیندوں پر یونائیٹڈ کو 7 رنز درکار تھے، عماد وسیم نے پہلے چھکا اور اگلی گیند کر چوکا لگاکر ٹیم کو فتح دلادی۔ عثمان نے 50 گیندوں پر 3چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے 100رنز بنائے،یہ ان کی ایونٹ میں دوسری سنچری ہے ۔ پنڈی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ یاسر خان 16 گیندوں پر 33 اور کپتان محمد رضوان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ عثمان اور جانسن چارلس نے تیسری وکٹ کیلئے 44 گیندوں پر 86 رنز جوڑے۔ جانسن چارلس نے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے ۔ افتخار احمد صرف 13رنز بنا سکے ۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا ایلکس ہیلز پہلی ہی گیند پر گولڈن ڈک کا شکار ہوئے جبکہ آغا سلمان بھی صرف دو رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ چار رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کولن منرو اور کپتان شاداب خان نے چارج سنبھالا اور صرف 64 گیندوں پر 141 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔ شاداب خان 31 گیندوں پر 54 رنزبناکر عباس آفریدی کی وکٹ بن گئے، اعظم خان بغیر کوئی رن بنائے اسی اوور میں چلتے بنے۔ ہدف تک رسائی کی کوششوں کو اس وقت دھچکا لگا جب 40 گیندوں پر 5چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 84رنز بنانے والے کولن منرو کو کرس جورڈن نے باہر کردیا ۔ حیدر علی 13گیندوں پر 19رنز کی اننگز کھیل کر محمد علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ لیکن آخری اوور کی تیسری گیند پر 30رنز بنانے والے فہیم اشرف بھی اپنی وکٹ سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

اسپورٹس سے مزید