• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’افطار دستر خوان‘‘ ہو اور رول، پکوڑے، چنے نہیں، کیسے ممکن ہے؟

عائفہ فاطمہ، کراچی

رمضان المبارک اور ’’سحر و افطار دسترخوان‘‘ گویا لازم و ملزوم ہیں، بلکہ اس ماہ میں کِھلانے پلانے اور کھانے پینے کا بھی جس قدراجرو ثواب ہے، کسی اور ماہ میں نہیں کہ سحروافطار دونوں کی فضیلت احادیثِ نبویﷺ سےثابت ہے۔ سحری کھانے کو ایک مستحب عمل کہا گیا ہے اور حدیث میں اِس کے کھانے کی ترغیب، اِس میں برکت مذکور ہے۔ 

حدیثِ مبارکہﷺ ہے۔ ’’سحری کیا کرو، اِس لیے کہ سحری میں برکت ہے۔‘‘ ایک اور حدیث میں ہے۔’’سحری تناول کرنا، ہمارے اور اہلِ کتاب کے روزے کے درمیان فرق ہے۔‘‘ اِسی طرح حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے افطار سے متعلق فرمایا۔ ’’جس نے روزہ دار کا روزہ افطار کروایا، اُس کے لیے اُس کی مثل ثواب ہے، اِس کے بغیر کہ روزہ دار کے ثواب میں کچھ کمی ہو۔‘‘ ایک اور حدیثِ مبارکہﷺ ہےکہ ’’لوگ اُس وقت تک خیرپر رہیں گے، جب تک افطار میں جلدی کرتےرہیں گے۔‘‘ تو آج ہم آپ کے’’افطار دسترخوان‘‘ ہی کے لیے کچھ شان دار تراکیب کے ساتھ حاضرِ خدمت ہیں۔

تنوری چکن رولز

اجزاء: مرغی کا گوشت (ہڈی کے بغیر) آدھا کلو، دہی ایک کپ، پیاز کٹی ہوئی ایک عدد، پسی ہوئی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ، پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، پسا ہوا زیرہ آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ڈبل روٹی، ہری چٹنی، موزریلا چیز، انڈے، بریڈ کرمبز، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک برتن میں گوشت لیں، اُس میں دہی، لال مرچ، کالی مرچ، گرم مسالا پائوڈر، زیرہ اور نمک ملا کےاچھی طرح مکس کرنے کے بعد 30 منٹ کی میری نیشن کے لیے رکھ دیں۔ اب ایک برتن میں تیل ڈال کر اُسے درمیانے درجے کی آنچ پر گرم کریں، جب اچھی طرح گرم ہوجائے تو میرینیٹڈ چکن ڈال کر کم از کم 10 منٹ تک پکائیں، تاوقتیکہ گوشت کی رنگت تبدیل ہوجائے۔ 

ڈبل روٹی کے سلائسز لے کر کنارے کاٹ کے اُنھیں بیلن کی مدد سے اچھی طرح چپٹا کرلیں۔ پھر ہری چٹنی کی ایک تہہ لگا کراُس پہ پکی ہوئی چکن، کٹی ہوئی پیاز اور موزریلا چیز رکھ کے رول کرلیں۔ رول کو پھینٹے ہوئے انڈے کے آمیزے میں ڈبو کر نکالیں اور بریڈ کرمبز میں رول کر لیں۔ کڑاہی میں تیل ڈال کر سنہرا ہونے تک تلیں۔ اُس کے بعد نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ لیں۔ گرما گرم تنوری چکن رولز تیار ہیں۔

چکن چیز پیٹیز

اجزاء: مکھن ایک کھانے کا چمچ، پیاز کٹی ہوئی آدھی، آٹا دو کھانے کے چمچ، دودھ ایک کپ، مرغی کی یخنی ایک کپ، کالی مرچ پائوڈرایک چائے کا چمچ، سفید مرچ پائوڈر ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، لہسن پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، شملہ مرچ باریک کٹی ہوئی چوتھائی کپ، مرغی کے ریشے دو سو گرام، سویا ساس ایک چائے کا چمچ، سرسوں کا پیسٹ آدھا چائے کا چمچ، سموسہ پٹیاں، موزریلا چیز، پھینٹے ہوئے انڈے، ڈبل روٹی کا چوراحسبِ ضرورت، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: ایک فرائنگ پین میں مکھن ڈال کر گرم کریں پھر کٹی ہوئی پیاز شامل کرکےبھون کر برائون کرلیں۔ اب اس میں آٹا ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کےبعد تھوڑاتھوڑا کرکے دودھ ڈالیں تاکہ اچھی طرح گاڑھا پن آجائے۔ پھر مرغی کی یخنی، کالی، سفید مرچ، لہسن پائوڈر، کٹی ہوئی شملہ مرچ ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کےبعد اِسےاٹھا کرایک طرف رکھ دیں۔ اب ایک بڑے پیالے میں مرغی کے ریشے، تیار کردہ سفید ساس، سویا ساس، پسی ہوئی لال مرچ اور سرسوں کاپیسٹ ڈال کےاچھی طرح مکس کریں۔

ایک چھوٹے پیالے میں آٹے کی لئی بنالیں، جو باکس پیٹیزبند کرنےکےکام آئےگی۔ ایک سموسہ پٹی لے کراُس پرآٹے کی لئی لگائیں اوراُس پر کراس کی شکل میں ایک اور پٹی رکھ دیں۔ پھر پہلے سے تیارکردہ آمیزے اور کتری ہوئی موزریلا چیز سے بھر کر چاروں طرف سے بند کردیں۔ پیٹیز کو پھینٹے ہوئےانڈوں کے آمیزے میں ڈبو کر ڈبل روٹی کے چُورے میں لپیٹ لیں۔ 

تیل گرم کرکے اِن چکن باکس پیٹیز کو گولڈن براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ لاجواب، مزے دارچکن باکس پیٹیز تیار ہیں، اچھی طرح تلے ہوئے یہ مزے دار اشتہا انگیز گولڈن برائون چوکور چکن چیز پیٹیز افطار دسترخوان کی رونق بڑھانے کے لیے بہترین ہیں۔ اپنے پسندیدہ کیچپ یا چٹنی کے ساتھ کھائیں۔

آلو کے پکوڑے

اجزاء: آلو 3 عدد (بڑے)، بیسن ایک کپ، زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، سوڈا ایک چٹکی، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: آلوؤں کو چھیل کر گول سلائسز میں کاٹ لیں اور نمک ملے پانی میں بھگو دیں۔ اب ایک پیالے میں بیسن چھانیں اور اُس میں نمک، لال مرچ پاؤڈر، گرم مسالا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، سوڈا مکس کرکے پانی سے اچھی طرح گھول لیں۔ آلوؤں کو پانی سے نکال کر بیسن کے آمیزے میں ڈبوئیں اور کڑاہی میں درمیانی آنچ پر تیل گرم کر کے فرائی کرلیں۔ گولڈن برائون ہوجائیں، تو ٹشوپیپر پر نکال لیں تاکہ اضافی چکنائی جذب ہوجائے۔ کیچپ یا ہری چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔

چنا چاٹ

اجزاء: کابلی چنے دو کپ(کم ازکم 12 گھنٹے قبل بھگوئیں اور نصف کھانے کا چمچ میٹھا سوڈا ڈال دیں)، کھیرے دوعدد، ٹماٹر دوعدد، پیاز ایک عدد، دھنیا ایک گڈی، تیل چھے کھانے کے چمچ، لیموں کا رس تین کھانے کے چمچ، کُٹی ہوئی سُرخ مرچ ایک کھانے کا چمچ، سیب کا سرکہ آدھا کپ، لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، باریک پسی ہوئی چینی ایک کھانے کا چمچ، پسی ہوئی چھوٹی الائچی ایک کھانے کا چمچ، پسا ہوا گرم مسالا آدھا کھانے کا چمچ، پسا ہوا زیرہ ایک کھانے کا چمچ، دہی حسبِ منشا، نمک، پسی ہوئی کالی مرچ حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: کابلی چنوں کو ایک برتن میں اُس وقت تک ابالیں، جب تک ان سے جھاگ نہ نکلے اور وہ نرم نہ ہوجائیں، پھر انہیں پانی سے نکال کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ کھیرے، ٹماٹر، پیاز اور دھنیا باریک باریک کاٹ لیں اور ان میں تیل، لیموں کا رس، سرکہ، لہسن اور پِسی ہوئی چینی ملادیں۔ 

الائچی، زیرہ، نمک، اور دیگر تمام مسالے چنوں میں ملائیں اور پھر ایک برتن میں ایک چمچ تیل لےکران چنوں کو اس میں پکالیں۔ تھوڑی ہی دیر بعد چنے نکال لیں، اور ایک پلیٹ میں چنے تو دوسری طرف تیار کردہ سلاد رکھیں۔ بہت منفرد، ذائقے دار چنا چاٹ تیار ہے۔