ڈاکٹر سلمان کی موت کے ذمے دار سروسز اسپتال لاہور کے ڈاکٹرز قرار پائے ہیں۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کی رپورٹ سامنے آگئی۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کے بورڈ آف کمشنرز نے ڈاکٹر سلمان کی موت سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے۔
ہائی کورٹ کے حکم پر 2 سال قبل سروسز اسپتال میں ڈاکٹر سلمان کی موت کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، جس کی انکوائری رپورٹ اب سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز کے خلاف پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) اور محکمہ صحت کو کارروائی کا حکم دیا گیا اور 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر علی رحمان اور سینئر رجسٹرار ڈاکٹر عبدالودود ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے گئے جبکہ ڈاکٹر کاشف، ڈاکٹر علی رحمان اور دیگر نے مریض کا چیک اپ ہی نہیں کیا۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر سلمان کی موت ان ڈاکٹرز کے ڈیوٹی پر نہ ہونے اور غفلت سے ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ڈاکٹر سلمان کی تشخیص بھی واضح طور پر نہیں کی گئی، کورونا، پی سی آر اور ایکسرے رپورٹ منفی ہونے کے باوجود جان بوجھ کر ڈاکٹر سلمان کی سرجری نہیں کی گئی۔
ڈاکٹرز کی غفلت سے فوت ہونے والے ڈاکٹر سلمان خود جناح اسپتال میں پی جی ٹرینی تھے، جن کو 3 جون 2020ء کو سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں پیٹ درد کے باعث لایا گیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر سلمان کی موت کی انکوائری کا حکم 18 نومبر 2021ء کو دیا تھا۔