سندھی تھیٹر سے اداکاری میں نام کمانے والے اداکار دل علی گل ملاح نے انکشاف کیا ہے انہیں بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ ایک فلم میں کاسٹ کیا گیا تھا۔
حال ہی میں انہوں نے غزل صدیق کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیرئیر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
خیال رہے کہ دل علی گل ملاح نے حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ کے کردار فضل بخش سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے جس کے بعد انہیں یک بعد دیگر ڈراموں اور فلموں کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔
اداکار نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ہدایت کار فاروق رند کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ میں ان کے کردار کو دنیا بھر میں بےحد پسند کیا گیا ہے جس کے بعد مختلف پروجیکٹس میں کام ملنا شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انہوں نے اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز کے ساتھ بھی ایک فلم سائن کی ہے تاہم انہوں نے اس فلم کے حوالے سے زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ ان کی پہلی فلم نہیں ہے بلکہ ماضی میں انہیں بھارتی اداکار عمران ہاشمی اور ندیم بیگ کے ساتھ کاسٹ کیا گیا تھا۔ اس فلم کا نام ’تم سے پیار ہے‘ تھا جس کی شوٹنگ کراچی یا دبئی میں ہونا تھی تاہم وہ فلم مختلف وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات بہتر تھے اور دونوں ممالک کے فنکار اور کامیڈین ایک دوسرے کے یہاں آتے جاتے تھے، اس وقت انہوں نے عمران کو 20 لاکھ روپے میں سائن کیا تھا اور بہت سے فنکار سرحد پار پروجیکٹس میں کام کر رہے تھے۔ تاہم فلم میں تاخیر ہوتی رہی کیونکہ اس کی شوٹنگ دبئی میں ہونی تھی۔
دل علی گل ملاح نے مزید بتایا کہ 6 ماہ کی شوٹنگ کے بعد فلم میں اتنی تاخیر ہوئی کہ عمران ہاشمی کی فیس 20 سے 3 کروڑ روپے تک پہنچ گئی جو کہ ان کے لیے قابل برداشت نہیں تھی، اس طرح وہ فلم منسوخ ہوگئی اور کبھی ریلیز نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ سندھی تھیٹر سے اداکاری میں نام کمانے والے اداکار دل علی گل ملاح کا کیرئیر 30 برسوں پر محیط ہے تاہم انہیں جو شہرت فاروق رند کے ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ سے ملی وہ اس سے قبل نہیں ملی تھی۔