فیصل آباد پولیس نے پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے محمد آصف اشفاق کی قاتل ڈور کے مالک کو تلاش کرکے گرفتار کرلیا۔
پولیس تفتیش کے دوران عابد نامی ملزم نے اقرار کیا کہ اسکی پتنگ کی ڈور سے آصف کی موت ہوئی جس پر وہ خود بھی سخت پریشان تھا ملزم کی نشاندہی پر دھاتی ڈور لا کر دینے والے اور فروخت میں ملوث دیگر 4 افراد بھی گرفتار کر لیے گئے۔
سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد محمد علی ضیا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان آصف کی پتنگ کی ڈور سے ہونے والی موت المناک واقعہ ہے، پولیس کے پاس ایک ڈور کے علاوہ کوئی سراغ نہیں تھا تاہم پولیس تفتیش کے دوران وقوعہ کے قریب ایک چھت پر پتنگ بازی کرنے والے عابد نامی شخص کو تلاش کیا گیا جس نے حراست میں لیے جانے کے بعد اقرار جرم کر لیا کہ اسکی پتنگ کی ڈور سے ہی آصف کی موت واقع ہوئی جس پر وہ خود بھی بہت پریشان تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر اسے دھاتی ڈور لا کر دینے والے اور فروخت کرنے والے دیگر 4 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔