وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید کی بدسلوکی کا نشانہ بننے والے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں سی سی پی او لاہور بھی موجود تھے، اس موقع پر مریم نواز نے ایم پی اے کے سلوک پر ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے اظہار ندامت کیا۔
دوران ملاقات مریم نواز نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے پورا واقعہ سنا اور کہا کہ اس واقعے پر میں بہت شرمندہ ہوں۔
ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا کہ روٹین کا گشت کررہے تھے، 2 گاڑیاں گزر رہی تھیں ان کو روک کر چیک کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ باغبانپورہ کے علاقے شادی پورہ میں گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کر روک کر چیک کیا۔
یاسر نصیب نے مریم نواز کو یہ بھی بتایا کہ چیکنگ کے دوران ایم پی اے نے اتر کر کہا کہ میں اس علاقے سے رکن پنجاب اسمبلی ہوں، آپ نے مجھے چیک کیوں کیا ہے؟
ٹرینی سب انسپکٹر نے مزیدکہا کہ میں نے ایم پی اے کو بتایا کہ میری ڈیوٹی ہے، میں نے اپنی ڈیوٹی کی ہے، یہ کوئی بری بات نہیں۔
یاسر نصیب نے یہ بھی بتایا کہ ایم پی ا ے نے کہا کہ میرے علاقے میں مجھے روک کر چیک کرنے سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔
ٹرینی سب انسپکٹر نے کہا کہ ایم پی اے نے مجھ سے سر عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
دوران گفتگو مریم نواز نے کہا کہ یاسر آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے، آپ نے کسی سے نہیں ڈرنا، ذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کا کام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے، ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو، یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، آپ نے بالکل ٹھیک کیا، اس بات پر دل چھوٹا نہ کریں، میں نے اپنے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دیا ہے۔
مریم نواز نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کے ٹرانسفر کے بارے میں سی سی پی او لاہور سے استفسار کیا اور کہا کہ اس قسم کا کوئی واقعہ ہو تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایم پی اے کو شکایت تھی تو اسے میرے پاس آنا چاہیے تھا، انکوائری کے بعد ہم ایکشن لیتے، کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے تاکہ باقی لوگوں کے لئے مثال بنیں۔