وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم آج صہیونی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے۔
عالمی یوم القدس اور جمعتہ الوداع کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 7دہائیوں سے اسرائیل فلسطین اور بیت المقدس پر ناجائز اور غیر قانونی طور پر قابض ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف ظلم و جبر روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے اسکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا اور مظلوم فلسطینیوں تک امدادی اشیاء کی رسائی کو روکا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، جمعتہ الوداع پر فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔
دوسری جانب کراچی میں آج نمازِ جمعہ کے بعد نمائش سے تبت سینٹر تک یوم القدس ریلی نکالی جائے گی۔
اس حوالے سے ٹریفک پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عوام ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل روٹ کا انتخاب کریں، تین ہٹی سے آنے والے ٹریفک کو گرومندر سے سولجر بازار کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لکی اسٹار سے آنے والے ٹریفک کو پی پی چورنگی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔