کاکول میں جاری قومی کرکٹرز کے فزیکل کیمپ میں کھلاڑیوں نے مشقت بھری ایکسرسائز بھی کی اور اُس سے لطف اندوز بھی ہوئے، ایک بار پھر اعظم خان سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
کرکٹرز کے فزیکل ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کو انوکھی مشق کا سامنا کرنا پڑا، وزنی پتھر اُٹھا کر پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کا چیلنج دیا گیا۔
جیسے تیسے کرکے کرکٹرز چوٹی پر پہنچتے گئے اور پھر سب کو انتظار تھا آخری ساتھی کا، جب وہ کھلاڑی دور سے آتا دکھائی دیا تو افتخار احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی، نعرے لگانے شروع کردیے، یہ اعظم خان تھے جو سب سے آخر میں پہنچے۔
پہاڑ کی چوٹی سے مناظر دیکھنے والے تھے، کھلاڑی ان سے خوب لطف اندوز ہوئے، تصاویر بھی بنائیں، کاکول میں قومی کرکٹرز کا کیمپ آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔
اگلے دن پلیئر راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف کی جانب سے افطار ڈنر میں شریک ہوں گے۔