آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو کو شرٹ پر لگانے کے معاملے پر بھارت کی جانب سے ایک اور تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی جانے لگی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام نہیں لکھا ہوگا جبکہ تمام ٹیموں کے لیے منظور شدہ لوگو لگانا لازمی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو پر روایتی طور پر میزبان کی حیثیت سے پاکستان کا نام لکھا ہوا ہے تاہم بھارتی میڈیا واویلا کر رہا ہے اور ایک بار پھر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ بھارت نے شرٹ پر پاکستان کا نام لکھنے سے انکار کردیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی ان حرکات سے کئی سوالات نے جنم لے لیا ہے کہ کیا بھارت ایک بار پھر تنازع کھڑا کرنا چاہتا ہے، کیا آئی سی سی اپنے قوانین کی پابندی کرائے گی یا بھارت پاکستان کا نام نہ لکھ کر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا؟
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو استعمال کرنا لازمی ہے، تمام ٹیمیں پلیئنگ اور ٹریننگ کٹس آئی سی سی کو منظوری کے لیے بھیجتی ہیں، لوگو کا درست استعمال نہ ہونے پر آئی سی سی فوری طور پر کٹ کو مسترد کر دیتی ہے۔
لوگو کا درست استعمال نہ کرنا کلودنگ اینڈ ایکوپمنٹ ریگولیشن کی خلاف ورزی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی ایشیا کپ کے موقع پر بھارت نے تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے لوگو پر میزبان ملک کا نام درج نہ کرنے کی منظوری دی تھی