• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی رضا سید کی سری نگر کی مسجد میں نمازِ جمعتہ الوداع پر پابندی کی مذمت

علی رضا سید—فائل فوٹو
علی رضا سید—فائل فوٹو

کشمیر کونسل یورپ (کے سی ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے سری نگر کی مرکزی جامع مسجد میں رمضان المبارک کے آخری جمعے کے اجتماع پر پابندی سمیت مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر پابندیوں کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرینگر کی جامع مسجد کا لاک ڈاؤن ہرگز قابل قبول نہیں کیونکہ یہ مذہبی آزادی سے متعلق بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔

کشمیر کونسل یورپ (کے سی ای یو) کے چیئرمین نے کہا کہ سری نگر کی جامع مسجد پر تالے لگانا اور میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق کو رمضان کے آخری جمعے کی امامت سے روکنا کشمیری شہریوں کے مذہبی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جبکہ بھارتی حکام کشمیری مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں، کشمیریوں کو 1947ء سے ایسی صورتِ حال کا سامنا ہے۔

چیئرمین کے سی ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی رسومات کی اجازت دینے کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے۔

علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رمضان المبارک کے آخری جمعے سمیت اہم مذہبی اجتماعات اور عید کے اجتماعات پر کئی سالوں سے پابندی ہے، ایسے ناقابلِ قبول اقدام سے بھارت کا مقصد کشمیری شہریوں کی آواز کو طاقت کے ذریعے دبانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی اور سیاسی اجتماعات پر پابندی کے ساتھ ساتھ بھارتی حکام مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف وحشیانہ جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

علی رضا سید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگی، جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتلِ عام اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیوں کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف مقبوضہ کشمیر ہی نہیں، بھارت امریکا، کینیڈا اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں مبینہ طور پر ماورائے عدالت قتل اور قتل کی سازشوں میں بھی ملوث ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی کے کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیا میں پچھلے سال سکھ رہنما کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

امریکا بھی نیویارک میں گزشتہ سال ایک اور سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ایک بھارتی اہلکار کے ملوث ہونے کے دعوے کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔

ادھر بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ایک تازہ ترین ٹیلی وژن انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی حکومت پاکستان میں قاتلانہ مہم چلا رہی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید