امریکی خاتون نے چترال کے ایک معروف پولو کھلاڑی سے شادی کرلی۔
مقامی میڈیا چترال ٹائمز کے مطابق امریکی خاتون کلیئر اسٹفین اور پولو کھلاڑی انور ولی عرف موشور کی شادی جمعرات کو اسلام آباد میں ہوئی، نکاح کی تقریب میں لڑکے کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔
چترال کے علاقے بونی سے تعلق رکھنے والے دولہا انور ولی مشہور پولو کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ کھوار زبان کے شاعر بھی ہیں اور ویلیج کونسل بونی کے چیئرمین بھی ہیں ۔
امریکی خاتون کلئیر اسٹیفن ایک سال قبل پاکستان کے دورے پر آئی تھیں اور ملک کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے جب وہ بونی پہنچیں اور وہاں واقع انور ولی کے ہوٹل میں رہیں تو اُنہیں چترال کا ماحول اور لوگ اتنے اچھے لگے کہ انہوں نے یہاں 6 ماہ قیام کیا۔
واضح رہے امریکی خاتون کلئیر اسٹیفن اپنے قیام کے دوران یہاں کے لوگوں کے ساتھ گھل مل گئی تھیں اور اُنہوں نے انور ولی کے ساتھ مل کر اپر چترال میں خواتین کی تعلیمی ترقی اور مقامی ہنڈی کرافٹ فروغ کے لیے ایک سینٹر بھی تعمیر کیا ہے۔
’وائس آف اپر چترال‘ کے سوشل میڈیا پیج نے نوبیاہتا جوڑے کی تصاویر شیئر کی ہیں، فیس بک پر یہ تصاویر مختلف پیجز کی جانب سے شیئر کی گئی ہیں۔