امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے پاکستانی نژاد ایجنٹ کامران فریدی تقریباً 4 سال بعد فلوریڈا کی جیل سے رہا کردیے گئے۔
کراچی کے گینگسٹر سے ایف بی آئی ایجنٹ اور امریکی جیل میں قید کا سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔
کامران فریدی کو پاکستان واپس جانے اور کبھی واپس امریکا نہ آنے کی شرط پر مشروط رہائی ملی ہے، امریکی شہریت بھی منسوخ کردی گئی۔
کامران فریدی کو ایف بی آئی کے 3 سابق ساتھیوں کو دھمکانے کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا۔
90ء کی دہائی سے کامران فریدی ایف بی آئی کے لیے کام کررہے تھے، مسلم ملکوں میں انسداد دہشت گردی کے حساس ٹاسک پورے کرنے پر کامران فریدی کو امریکی شہریت دی گئی۔
کامران فریدی نے امریکی ادارے ہی کی ہدایت پر کراچی کے تاجر جابر موتی والا کو پھنسانے اور لندن میں گرفتار کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
کامران فریدی جابر موتی والا کے خلاف سازش کا بھانڈا پھوڑنے پر آمادہ ہوگئے، جس پر ان کے ایف بی آئی سے اختلاف ہوئے۔