• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر متعلقہ لوگوں سے مذاکرات درکار نہیں، علی امین گنڈاپور


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ غیر متعلقہ لوگوں سے مذاکرات درکار نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کون حکومت کررہا ہے اور کون ڈمی ہے، ہمیں جہاں بات کرنی ہوگی، وہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر متعلقہ لوگوں سے مذاکرات کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں، سیاسی لوگ سیاسی ہوجائیں تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن نے مزید کہا کہ مذاکرات ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی سے گائیڈ لائن لوں گا، 9 مئی کو ہر حلقے میں ریلیاں نکالیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نئے گورنر سے مجھے بات کرنے کی ضرورت نہیں، صوبے کے حقوق کےلیے وفاق سے بات کر سکتا ہوں۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ کسی کو صوبے میں گورنر راج لگانے کا شوق ہے تو شوق پورا کر لے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں لاقانونیت کا سلسلہ آج ٹوٹا ہے، قومی اسمبلی میں ہماری اکثریت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے بڑی ناانصافی ہوئی تھی ہماری مخصوص نشستیں دیگر کو دیں، اب امید ہے کہ پورے پاکستان سے ہمیں 77 سے زائد نشستیں مل جائیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ فارم 47 پر مینڈیٹ چوری کرکے حکومت بنی ہے، میں صدر اور وزیراعظم کی حلف برداری میں نہیں گیا تو ان کے غیر قانونی گورنر کی حلف برداری میں بھی نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ گورنر سے ملاقات کی ضرورت ہے، وزیراعظم سے ملاقات مجبوری بھی ہے گورنر کے ساتھ ایسا کوئی کام نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں کہ عوام کا اتنا بڑا مینڈیٹ ہو اور آپ گورنر راج لگا دیں، یہ ملک کے آئین پر چلنے کےلیے تیار نہیں تو ان کو پابند کرنے کےلیے ہمارا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا کہ پاکستان کےلیے مذاکرات پر تیار ہیں، ڈیل کےلیے بات چیت نہیں چاہتے، مذاکرات میں پہلی چیز آئین اور قانون کی بالادستی، اداروں کی مضبوطی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارا مقصد حکومت نہیں نظریہ اور تبدیلی کی تحریک ہے، بانی پی ٹی آئی نے ثابت کیا ہے کہ ان کا ذاتی ایجنڈا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی میں سب سے زیادہ نقصان ہمارا ہوا ہے، ہم ہر حلقے میں 9 مئی کو ریلی اور جلسہ کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اب حق کی طرف چلنا شروع ہوئے ہیں، یہ اچھی بات ہے، وہ اب اپنی باتوں میں شفافیت لائیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب پہلے کہتے تھے کہ حکومت پی ڈی ایم اور میں نے گرائی اب کہتے ہیں پی ٹی آئی حکومت جنرل باجوہ نے گرائی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ خوف کا بت تو ہماری پارٹی نے توڑ دیا اب میں کا بت توڑنا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر فوج اور پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دوبارہ خط لکھوں گا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مکمل میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے حق کے پیسے ان سے وصول کروں گا، بجلی کی مد میں خیبر پختونخوا کو 15 سو 10 ارب روپے دینے ہیں جو یہ نہیں دے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سستی بجلی دے کر مہنگی بجلی خرید رہے ہیں اور پوری بجلی بھی نہیں مل رہی، صوبے کو پوری بجلی دیں میں صوبے میں بجلی کی چوری کو اون کروں گا، آپ بجلی پوری دیں صوبے کے ہر سال 110 ارب روپے کاٹیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک میں شاید میری کارکردگی بہتر نہ ہو لیکن حقائق میں کارکردگی بہتر ہے، کے پی میں ہم نے روٹی کی قیمت کم کی تو نانبائی ایسوسی ایشن نے ہمیں سپورٹ کیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کا مسئلہ بنا ہوا ہے، کے پی کو گندم چاہیے پنجاب کے کسان آئیں اور گندم 3900 روپے میں دیں۔

قومی خبریں سے مزید