شاعر: احمد مسعود قریشی
صفحات: 128، ہدیہ: 800 روپے
ناشر: گردوپیش پبلی کیشنز، ملتان۔
فون نمبر: 8301857 - 0300
زیرِ نظر کتاب کے خالق احمد مسعود قریشی کا شمار بھی ملتان کے سینئر شعراء میں ہوتا ہے۔ انہیں شاعرانہ ذوق وَرثے میں ملا ہے کہ ان کے والد، مقبول قریشی کا شمار اساتذہ میں ہوتا تھا۔ ان کے دو شعری مجموعے’’ دریا نہیں ہوں مَیں‘‘ اور’’ محبّت کا فسانہ‘‘ منظرِعام پر آچکے ہیں۔ ہمارے پیشِ نظر احمد مسعود قریشی کا نعتیہ مجموعہ ہے، جس میں تین حمدیں اور63نعتیں شامل ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے63برس عُمر پائی تھی، تو غالباً اِسی مناسبت سے نعتوں کی تعداد 63 رکھی گئی ہے۔
ڈاکٹر مختار ظفر، رحمان حفیظ، ڈاکٹر شوذب کاظمی، ڈاکٹر فرحت عباس، ڈاکٹر شکیل پتافی، پروفیسر حافظ محبوب احمد، شمسہ نجم، شازیہ طارق، شگفتہ شفیق، پروفیسر انور جمال اور شاعر علی شاعر نے صاحبِ کتاب اور ان کی نعتیہ شاعری پر اظہارِ خیال کیا ہے۔ اِتنی آراء سے کتاب کی ضخامت ضرور بڑھی ہے، لیکن ایک بات طے شدہ ہے کہ شاعر کا اصل تعارف اُس کی شاعری ہی ہوتی ہے اور اس حوالے سے پروفیسر انور جمال کا کہنا ہے کہ’’نعت نگاری میں احمد مسعود قریشی کا لہجہ مؤدت و احترام اور عقیدت و انکسار سے مزیّن ہے۔ وہ دربارِ نعت میں بھیگی پَلکوں کے ساتھ مدحت سرائی کررہا ہے۔‘‘