پاکستانی لیجنڈری مصنف، مزاح نگار اور میزبان انور مقصود اور ان کی اہلیہ عمرانہ مقصود نے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈر فنکار مرحوم معین اختر کی یادیں تازہ کر دیں۔
حال ہی میں اس باصلاحیت جوڑی نے نجی ویب چینل کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے ملکی حالات، مرحوم باصلاحیت اداکار معین اختر سمیت دیگر مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اب بھی یقین نہیں کر سکتا کہ معین نہیں رہے۔
انہوں نے بتایا کہ لوگ اب بھی مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ کیا میں اور معین اب بھی ایک ساتھ شو کرتے ہیں، کیونکہ ان کی نظروں سے کوئی ویڈیو کلپ گزرا ہوتا ہے جس میں، میں اور معین ملکی حالات پر تبصرہ کر رہے ہوتے ہیں اور لوگ کہتے ہیں کہ یہ تو پچھلے ہفتے کی بات تھی۔
انور مقصود نے اپنے ہلکے پھلکے طنز و مزاح کے انداز میں کہا کہ معین کو ہم سے بچھڑے 12 برس ہو گئے ہیں اور جب لوگ اس طرح کے سوال کرتے ہیں تو انہیں یہی کہتا ہوں کہ مجبوری ہے، ملک کے حالات ہی نہیں بدل رہے، جو اس وقت تھا وہی آج ہے اور آنے والے وقت میں بھی وہی رہے گا۔
عمرانہ مقصود نے مرحوم معین اختر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 100 بیماریاں تھی لیکن اتنے منجھے ہوئے اداکار تھے کہ ان کی ہر بات جھوٹ لگتی تھی لیکن شاید وہ صرف یہی سچ کہتے تھے۔
دورانِ انٹرویو انور مقصود نے ماضی کا ایک دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ہم گھر پر موجود نہیں ہوتے تب بھی معین اختر ہمارے گھر آتے، کھانا کھاتے اور چلے جاتے اور جاتے جاتے ملازمین سے سوال کرتے کہ یہاں کتنی تنخواہ ملتی ہے؟ ملازمین جب انہیں بتاتے تو انہیں کہتے کہ میں دگنی تنخواہ دوں گا، میرے یہاں آ کر کام کرو۔
انہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ معین کے جانے کے بعد ملازمین میرے پاس آتے اور سوال کرتے کہ معین کہاں رہتے ہیں؟ ان کا گھر کہاں ہے؟ میں سمجھ جاتا کہ انہیں زیادہ تنخواہ کا کہہ کر گئے ہیں۔
خیال رہے کہ انور مقصود اور معین اختر کے درمیان 36 سال کا اٹوٹ رشتہ اور دوستی رہی ہے، انہوں نے ایک ساتھ بہت کام کیا جو آج بھی دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے۔