اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل کی جنگ پھیلی تو پاکستان سمیت خطے پر بھی عدم استحکام کے اثرات ہوں گے، پاکستان سمیت مسلم ممالک کا متفقہ جواب آنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی تھی، ایران پر اندرون اور بیرون ملک سے بہت دباؤ تھا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں جنگ بڑھنا اسرائیل کے سوا کسی کے مفاد میں نہیں۔ سعودی عرب یا کوئی اور ملک جنگ میں اضافہ نہیں چاہے گا، سفارتی سطح پر کچھ کوششیں ہو رہی ہیں کہ اسرائیل کو مزید ایکشن سے روکا جائے۔
سابق مندوب نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کی کوشش ہے کہ کسی طرح امریکا کو اس جنگ میں ملوث کیا جائے، امریکا اور ایران نہیں چاہتے کہ وہ جنگ میں ملوث ہوں۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ایسا ایکشن نہ لے جس سے جنگ پھیلے، اسرائیل پر بین الاقوامی برادری کا دباؤ ہے کہ ایسا اقدام نہ لے جس سے کشیدگی ہو۔
سابق مندوب کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران نے کہا ہے کہ اسرائیل کوئی قدم اٹھاتا ہے تو اس کا جواب شدید ہوگا، ایرانی حملے کا مقصد اسرائیل کو پیغام بھیجنا تھا جو مؤثر طور پر بھیج دیا گیا، ایران کا مقصد اسرائیل کو پیغام بھیجنا تھا جنگ کو پھیلانا نہیں۔