• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ سے پہلا ٹی 20، پورا دن انتظار کے بعد میچ پلک جھپکتے ختم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پورے دن کے انتظار کے بعد پلک جھپکتے ہی ختم ہوگیا، بارش کی وجہ سے صرف دو گیندیں ہی کرائی جاسکیں۔ خراب موسم کے سبب میچ فیصلہ کن بنانے کیلئے پہلے اسے پانچ پانچ اوورز کا کردیا گیا تھا۔ شاہین شاہ آفریدی نے دوسری گیند پر ٹم رابنسن کو بولڈ کردیا۔ نیوزی لینڈ نےایک وکٹ پر دو رنز بنائے تھے کہ بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا اور میچ منسوخ کردیا گیا۔ پانچ میچوں کی سیریز کادوسرا میچ ہفتے کو پنڈی ہی میں کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں جمعرات کومہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ میچ شروع ہونے سے قبل ہی بارش کا آغاز ہوگیا۔ بارش کے باعث پہلے ٹاس آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا، تاہم آؤٹ فیلڈ سوکھنے کے بعدٹاس کرایا گیا۔ ٹاس کے بعد پاکستان ٹیم فیلڈنگ کیلئے آئی تو بارش ایک بار پھر شروع ہوگئی ۔ روٹیشن پالیسی کے تحت پاکستان نے ابراراحمد ، عرفان نیازی اور عثمان خان کو انٹر نیشنل ڈیبیو کرایا۔ محمد عامر چار سال بعد ٹیم میں آئے جبکہ فخر زمان اور عماد وسیم ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے اوپننگ جوڑی کو تبدیل کیا گیا تھا۔ بابراعظم کے ساتھ صائم ایوب کو اوپننگ کرنی تھی جبکہ محمدرضوان نے ون ڈاؤن پر آنا تھا۔ اس کے علاوہ شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ ، پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔ ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کے قومی ترانے بجائے گئے، اس کے بعد کھلاڑی میدان میں آئے ہی تھے کہ بارش شروع ہوگئی ۔

اسپورٹس سے مزید