وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔
شہباز شریف نے اس موقع پر بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، وفاقی حکومت امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرین تک امداد کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکیں اور راستے کھولنے کا کام تیز تر کیا جائے۔