سکھر(بیور و رپورٹ)سکھر بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے، اتوار کی صبح سیلابی ریلہ سکھر بیراج میں داخل ہوگا اور سکھربیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوجائے گی، ممکنہ سیلابی صورتحال کے خطرے کے پیش نظر سکھر بیراج اوراس سے نکلنے والی نہروں میں کشتی چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، سیکریٹری آبپاشی کی جانب سے سکھر اور گدو بیراج کے مقام پر افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیاگیا ہے ۔ سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں کے کنارے قائم گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے، گدو بیراج میں پہلا سیلابی ریلہ داخل ہوچکا ہے اور گدو بیراج پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے ، گدو بیراج سے پانی تیزی سے سکھر بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے ، انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو کے مطابق بالائی علاقوں میں مون سون کی بارشوں اور چترال میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلہ گدو بیراج کے مقام پر سندھ میں داخل ہوگیا ہے جس کے بعد یہ ریلہ تیزی سے سکھر بیراج کی جانب بڑھ رہا ہے کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے محکمہ آبپاشی کے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، دریائی بندوں، پشتوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سکھر بیراج کے نزدیک تفریحی مقام لب مہران کے کنارے دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے اور وہاں تفریح کے لئے آنے والے لوگ کشتی کی سیر کررہے ہیں جوکہ موجودہ حالات میں خدانخواستہ کسی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔