کراچی کے علاقے لانڈھی میں 2 روز قبل ہونے والے خودکش دھماکے کے زخمی سیکیورٹی گارڈ نگر خان کا بیان سامنے آ گیا۔
زخمی سیکیورٹی گارڈ نگر خان نے کہا ہے کہ صبح گاڑی میں جا رہے تھے کہ ایک شخص بھاگتا ہوا آیا، مجھے شک ہوا یہ حملہ کرے گا میں نے فائرنگ کر دی۔
ایک بیان میں نگر خان نے کہا کہ اسی دوران اس شخص نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، میرے پیچھے نور محمد تھا اس نے فائرنگ کی تو سامنے سے بھی فائرنگ ہوئی، دہشت گردوں کی گولیاں مجھے اور نور محمود کو لگیں۔
انہوں نے کہا کہ پیچھے ڈالے میں موجود ساتھیوں نے بھی فائرنگ کی، پولیس نے بھی فائرنگ کی مگر دہشت گرد ہماری فائرنگ سے مر گیا تھا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تھا، دھماکے اور فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق، راہگیر اور گارڈ زخمی ہوئے تھے۔