• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مانسہرہ کالونی میں خودکش دھماکے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا

کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق مقدمہ آج انسداد دہشت گردی محکمے میں درج ہو گا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تفصیلی رپورٹ پیر کو پولیس کو جمع کرائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کی جیکٹ کا وزن 4 سے 5 کلو کے درمیان ہو سکتا ہے، دھماکہ خیز مواد کے ساتھ بڑی مقدار میں بال بیرنگ استعمال کیے گئے۔

تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ بارود کی ساخت معلوم کرنے کے لیے فارنزک کرایا جائے گا، ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت کرلی گئی تھی،  دوسرے دہشت گرد کی شناخت کے لیے اعضا ڈی این کے لیے بھیجے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات خفیہ اطلاع پر شرافی گوٹھ کی حدود اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں چند شواہد ملے ہیں جن سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی موٹرسائیکل پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، حملے میں استعمال موٹرسائیکل بلوچستان سے لائی گئی تھی، ملنے والی موٹرسائیکل کے اب تک کسی جرم میں استعمال یا چوری ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

قومی خبریں سے مزید