• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی 20، چیپ مین نے حساب چکتا کردیا، کیویز کامیاب، سیریز برابر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بارہ اہم کھلاڑیوں کے بغیر پاکستان پہنچنے والی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ماہرین تیسرے درجے کی ٹیم قرار دے رہے تھے لیکن پنڈی میں اتوار کی شب مارک چیپ مین اور فوکس کرافٹ کی 68 گیندوں پر 117رنز کی برق رفتار شراکت نے میچ کو یکطرفہ کردیا۔ پاکستانی ٹیم کو سات وکٹ کی اپ سیٹ شکست ہوئی۔ میچ کا فیصلہ دس گیندیں پہلے ہوگیا۔ نئے کپتان اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ دونوں بیٹرز کے لاٹھی چارج نے تماشائیوں کو سکتے میں مبتلا کردیا۔ ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے29سالہ مارک چیپ مین نے42گیندوں پر87نا قابل شکست رنز بناکر حساب چکتا کردیا۔ انہوں نےچار چھکے اور9چوکے مارے۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ شاہین نے3.2اوورز میں37 ، نسیم شاہ نےتین اوورز میں44رنز دیے۔ چیپ مین کے تین کیچ ڈراپ ہوئے ۔روایت کے مطابق پنڈی اسٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرنے والی تمام چھ ٹیموں کو ٹی ٹوئنٹی میں شکست ہوئی ہے۔ ڈین فوکس کرافٹ نے29گیندوں پر31رنز بنائے۔ کیویز کوٹم رابنسن اور ٹم سیفرٹ نے 29گیندوں پر42رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ ٹم سیفرٹ نے16گیندوں پر21 اورٹم رابنسن نےپانچ چوکوں کی مدد سے28رنز21گیندوں پر بنائے ۔قبل ازیں پاکستان نے 4 وکٹ پر 178 رنز بنائے۔ عرفان خان نیازی نے 20 گیندوں پر 30 رنز نا قابل شکست کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔ اوپنرز صائم ایوب اور بابر اعظم نے 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ صائم ایوب نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے ۔کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اسکور کو 84 تک پہنچایا ہی تھا کہ بابر اعظم اش سوڈھی کی وکٹ بن گئے۔ سنچری مکمل ہوتے ہی قومی ٹیم کو یکے بعد دیگرے دو نقصان ہوئے، پہلے 23 رنز بنانے والے رضوان ریٹائرڈ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ ایک رن کے اضافے سے عثمان خان بھی چار رنز بنانے کے بعد کیچ ہوگئے۔ شاداب خان اور عرفان خان نیازی نے 34 گیندوں پر 62 رنز کی شراکت بنائی دونوں نے بریسویل کے آخری اوور میں19رنز بنائے۔ شاداب خان نے ایک چانس ملنے کے بعد 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے اش سوڈھی نے دو شکار کیے۔

اسپورٹس سے مزید