اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر اسپیکر کے ہمراہ ارکان قومی اسمبلی کا ایک وفد بھی موجود تھا۔ ملاقات میں پارلیمانی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ایرانی صدر کے دورے سے خطے اور دونوں ممالک کے تعلقات پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔
صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران، پاکستان سے اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا تمام سیاسی جماعتیں ایران سے اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے باہمی مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنا ہو گا۔ تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاک ایران سرحد کے دونوں طرف تجارتی مراکز کا قیام خوش آئند ہے۔ ہمارے تعلقات صرف سفارتی حد تک محدود نہیں۔
ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا دونوں ممالک اخوت، محبت اور ہمسائیگی کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔