• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممکنہ طور پر سعودی عرب سالانہ مقابلۂ حسن میں ڈیبیو کرسکتا ہے

مس یونیورس آرگنائزیشن نے عندیہ دے دیا ہے کہ سالانہ مقابلۂ حسن 2024ء میں ممکنہ طور پر سعودی عرب کی حسینہ ڈیبیو کرسکتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مس یونیورس آرگنائزیشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت جانچ پڑتال کے ایک سخت عمل سے گزر رہے ہیں، جس کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر27سالہ سعودی ماڈل رومی القحطانی رواں سال ستمبر میں میکسیکو میں ہونے والے مقابلے میں شرکت کرسکتی ہیں، جس کا حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مس یونیورس کے سالانہ مقابلہ حسن 2024ء میں سعودی عرب کی شرکت سے متعلق خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب سعودی ماڈل رومی القحطانی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے سالانہ مقابلے میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ’وہ مس یونیورس مقابلے میں سعودی عرب کی نمائندگی کرنے والی پہلی ماڈل ہوں گی‘۔

بعدازاں مس یونیورس آرگنائزیشن نے ماڈل کی جانب سے کئے گئے تمام دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی ماڈل رومی القحطانی کی جانب سے مس یونیورس مقابلے میں شرکت کے حوالے سے کیے گئے تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مس یونیورس کے مقابلے میں شرکت کے لیے تمام ممالک میں ادارے کی جانب سے باقاعدہ طور پر ماڈلز کا انتخاب کیا جاتا ہے لیکن اس سال سعودی عرب میں اس حوالے سے کوئی انتخابی عمل نہیں کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم فی الحال ایک سخت جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہے ہیں، اگر سعودی عرب ہمارے معیارات اور ضوابط کی پیروی کرتا ہے تو اسے موقع فراہم کیا جاسکتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید