• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ: ڈی پی او مظفرگڑھ کو والد کی تحویل میں بچوں کو پیش کرنیکا حکم

ملتان(سٹاف رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے ڈی پی او مظفرگڑھ اور ایس ایچ او کو ہدایت کی ہے کہ 6 مئی کو بچوں کو عدالت کے روبرو پیش کریں ،علی پور شمالی ( مظفرگڑھ) کی زرینہ مائی کے وکلانے فاضل عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کی موکلہ بچوں کی حقیقی نانی ہے ۔بچوں کی والدہ سونیا بی بی عمرہ کی ادائیگی کیلئے 27 مارچ سےسعودی عرب گئی ہوئی ہے۔اس کی عدم موجودگی میں خاتون کے سابق شوہر محمد اشرف نے مظفر گڑھ پولیس کی مدد سے 3میں سے2 بچوں کو زبردستی اٹھا لیا ہے اور پھر زیر دفعہ 491 بچوں کو سیشن عدالت میں پیش کرکے انکی تحویل بھی حاصل کرلی، اب بچوں کی بنیاد پر اپنی بیوی سے صلح کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے جس نے عدالت سے خلع کی ڈگری حاصل کرلی ہے ۔دریں اثنا ہائی کورٹ نے مقدمے کی منتقلی کے حوالے سے دائر نگرانی کی درخواست پر سماعت 8 مئی تک ملتوی کر دی۔ پٹیشنرز عبدالستار اور ممتاز کے وکیل نے فاضل عدالت کو اگاہ کیا کہ جتوئی پولیس نے ان کے موکلان کے خلاف زنا بالجبر کا مقدمہ زیر دفعہ 376 ت۔پ درج کرلیا ہے ۔ لیکن تفتیش میں الزام غلط ثابت ہوا ۔ سابق ایڈیشنل سیشن جج نے ٹرائل کے دوران مقدمے سے خارج کر دیا ۔ کچھ عرصہ بعد نئے ایڈیشنل سیشن جج نے اس حکم میں ترمیم کرتے ہوئے ملزم کو دوبارہ طلب کر لیا ۔ حالانکہ فوجداری مقدمہ میں دیئے گئے حکم میں ترمیم نہیں کی جاسکتی ۔علاوہ ازیں ہائی کورٹ نےتھانہ سٹی بھکر کے15 لاکھ روپے غبن کے مقدمے میں محکمہ صحت کے ایک ملازم وقار حیدر کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی ہے ۔
ملتان سے مزید