• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ماہ میں 50 کلو آٹے پر 700 روپے کم، عوام کو فائدہ منتقل نہیں کیا جاسکا

کراچی ( سہیل افضل ) فلور ملز مالکان نے ایک ماہ میں 50 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 700 روپے تک کی کمی کردی ہے لیکن سپر اسٹورز ،دکانداروں کے ساتھ تندور مالکان نے عوام کو اس کا فائدہ منتقل نہیں کیا،تفصیلات کے مطابق اپریل کی 2 تاریخ کو کراچی میں 50 کلو گرام کے آٹے کا تھیلہ 5300 روپے میں فروخت ہو رہا تھا جوکہ اب30 اپریل کو کم ہو کر 4540 روپے پر آگیا ہے لیکن دکاندار اور مڈل مین نے اپنے منافع کی خاطر عوام کو ریلف فراہم نہیں کیا،فلور ملز مالکان سے حاصل معلومات کے مطابق 10 کلو گرام آٹے کی قیمت 918 روپے کردی گئی ہے اس طرح آٹے کی فی کلو قیمت 91 اور 92 روپے کلو ہو گئی ہے لیکن مارکیٹ میں تاحال آٹا 150 سے 165 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے ، دکانداروں کے ساتھ تندور مالکان نے بھی روٹی کی قیمت میں کمی نہیں کی ،شہر میں روٹی 25 روپے میں فروخت ہورہی ہے ،سندھ فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین ممتاز شیخ نے جنگ سے بات چیت کرتےکہا کہ فلور مل مالکان نے تو قیمت کم کر دی ہے عوام کو اس کا فائدہ تاحال نہ پہنچنے کی وجہ دکاندار ہیں جو کہ اس صورتحال سے بھاری فائد ہ اٹھا رہے ہیں ،ممتاز شیخ نے کہا کہ گندم بحران کی بنیادی وجہ بڑے پیمانے پر گندم کی درآمد ہے ،آج صورتحال یہ ہے کسان اور کاشتکار کو تو نقصان ہو رہا ہے لیکن عوام کو ریلف نہیں مل رہا، حکومت کو چاہیے کہ عوام کو قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کیلئے اقدامات کرے ۔
اہم خبریں سے مزید