• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 افراد کے قتل کے چار ملزموں کو پانچ پانچ بار سزائے موت، ایک کو عمر قید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی راجہ فیصل رشید نے چونترہ کے علاقہ میں 9افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار چار ملزمان کو پانچ پانچ بار سزائے موت اور ایک ملزم کو پانچ بار عمر قید سنا دی۔ تھانہ چونترہ میں پچیس جولائی 2020 کو نذر عباس سکنہ میال نے اپنی رپورٹ میں ملک رب نواز اس کے دو بیٹوں اور بھائی سمیت پچیس ملزمان جن میں دس نامعلوم بھی تھے کونامزد کیا تھا۔ فائرنگ سے محمد عثمان، نور فاطمہ، محمد ابراہیم اور محمد علی زخمی بھی ہوئے تھے۔جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے مرکزی ملزم ملک رب نواز اس کے بیٹے دانش نواز اور بھائی محمد اشرف کے علاوہ قریبی عزیز محمد عاقب کو پانچ پانچ مرتبہ سزائے موت اور ملک رب نواز کے دوسرے بیٹے اکرام نواز کو 5مرتبہ عمر قید دی۔ سزا پانے والے پانچوں ملزمان کو پانچ پانچ لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے مرکزی ملزم کے تیسرے بیٹے عابد نواز کے علاوہ ان کے قریبی عزیزوں طاہر محمود، حمزہ، محمد سلیم، قیصر، وسیم بابر اور جاوید اقبال سمیت سات ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا۔ یاد رہے کہ خون کی یہ ہولی دونوں گروپوں میں سابقہ دشمنی اور وقوعہ سے چار روز قبل ملک رب نواز کی اہلیہ کے قتل کا نتیجہ تھی جس کا بدلہ لینے کیلئے ملک رب نواز گروپ نے مخالفین کی پانچ خواتین اور چار بچوں کو ابدی نیند سلایا تھا۔
اسلام آباد سے مزید