• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں حج مشن کے طبی عملے کی نامزدگی کے حوالے سے تنازع

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی اور محکمہ صحت سندھ میں حج مشن 2024کے لئے طبی عملے کی نامزدگی کے حوالے سے تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ وفاق کی جانب سے طبی عملے کی نامزدگی کرکے فہرست محکمہ صحت سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے ملازمین کو این او سی نہیں دی جارہی۔محکمہ صحت سندھ کے چیف ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر فیض علی منگی نے سیکریٹری وفاقی وزارت مذہبی امورو بین المذاہب و ہم آہنگی کو مکتوب ارسال کیا جس میں کہا ہے کہ حج مشن کے لئے سندھ کے کوٹہ سے طبی عملے کی نامزگی پرڈاکٹروں اور فارماسسٹس کی شکایات موصول ہوئیں اس لئے حج مشن کے این ٹی ایس نتائج فراہم کیے جائیں اور کیٹیگری کے حساب سے نامزدگی کی تفصیلات فراہم کی جائیں ۔ مکتوب کے مطابق سندھ کو وفاق سے جو فہرست ملی اس میں 9ایسے افراد کے نام ہیں جو محکمہ صحت سندھ کے ملازم نہیں ،ان کی جگہ محکمہ کی مشاورت سے ملازمین کوشامل کیا جائے ۔اس ضمن میں جنگ سے گفتگو میں ڈاکٹر فیض علی منگی کا کہنا تھا کہ حج مشن کے لئے سندھ اپنے ملازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کرتا تھا لیکن اس بار وفاق نے این ٹی ایس کے ٹیسٹ لئے اور ایسے شعبہ جات کے افراد کو بھی ٹیسٹ میں شامل کیا جن کا حاجیوں کی خدمت سے کوئی تعلق نہیں ۔ کوٹہ کے مطابق سندھ کو 80سیٹیں ملنی تھیں لیکن 49دی گئیں جن میںسے 9افراد محکمہ صحت کے ملازم نہیں، وفاق سے این ٹی ایس نتائج کی فہرست مانگی گئی لیکن فراہم نہیں کی گئی۔
اہم خبریں سے مزید