وزیراعظم شہباز شریف نے آئی کیوب قمر کی لانچنگ کے مناظر دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ آج پاک چین دوستی خلاؤں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے۔
پاکستان کے پہلے سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کے چاند پر بھجوانے کے معاملے پر بھی وزیراعظم نے اظہار مسرت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاند پر سیٹلائٹ بھیجنے والے ممالک میں پاکستان کی شمولیت پرمسرت موقع ہے، آئی کیوب قمر سیٹلائٹ خلاءمیں پاکستان کے پہلا قدم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمارے سائنسدان، انجینئرز صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، پاک چین دوستی آج خلاوں کی سرحد بھی پار کرچکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا جانا ہماری قابلیت کا اعتراف ہے، یہ تکنیکی ترقی کے سفر کا بہت تاریخی لمحہ ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خلا کے بامقصد استعمال کے نئے دور میں داخل ہو گیا، یہ کامیابی سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے شعبے میں پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو 28 مئی 1998 کی طرح خلاﺅں اور معاشی بلندی کو بھی پہنچیں گے۔