• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولڈہم کونسل میں لیبر کی اکثریت ختم، پاکستانی و کشمیری نژاد پانچ امیدوار کامیاب

اولڈہم( آصف مغل ) اولڈہم کونسل میں لیبر اپنا کنٹرول کھو بیٹھی۔ مقامی انتخابات نے اولڈہم کونسل میں بڑے بڑے برج الٹ دیئے۔آزاد امیدواروں نے لیبر پارٹی کی دائمی سیٹیں بھی چھین لیں، پاکستانی و کشمیری نژاد پانچ امیدوار نائلہ ابراہیم ، نسیم اسلم ، عمر نشین ، عائشہ ، نوید چوہان اور ظہیرعلی نے بھی میدان مار لیا ۔ اولڈہم کونسل میں لیبر اپنی اکثریت کھو چکی ۔2011سے اقتدار میں رہنے والی پارٹی اب کونسل کو کنٹرول نہیں کرسکے گی لیکن وہ سب سے بڑی پارٹی کے طور پر انچارج رہ سکتی ہے۔ تین سال قبل کے اولڈہم کونسل کے رہنما کو معزول کر دیا گیا تھا، کونسل کی موجودہ رہنما عروج شاہ نے اس سال انتخاب میں حصہ نہیں لیا لیکن اب ٹاؤن ہال پر اپنی پارٹی کی صدارت کھونے کے بعد انہیں قیادت کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لیبر صرف ایک کی اکثریت کے ساتھ الیکشن میں اتری تھی لیکن سات سیٹوں سے محروم ہوگئی جب کہ دو نئی حاصل کیں ، آزاد امیدواروں نے لیبر کو کئی وارڈز میں شکست دی ، غزہ کی جنگ اور تنازع پر پارٹی کا موقف آڑے آیا اور اسے ووٹرز نے ایک فیصلہ کن عنصر سمجھا ، پارٹی نے ایک سیٹ فیلسورتھ انڈیپینڈز سے ہاری لیکن دوسری سیٹ حاصل کی جب کہ کنزرویٹو سے ایک سیٹ بھی حاصل کی، اب حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، لیبر کو پانچ سیٹیں ہارنے سے نقصان ہوا جس سے کونسل کا مجموعی کنٹرول بھی جاتا رہا۔ لیبر کو اب چھوٹے سیاسی گروپوں اور آزاد کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہوگی اگر وہ اقتدار میں رہنا چاہتی ہے۔ پارٹی کو لیڈر منتخب کرنے اور بجٹ پاس کرنے کیلئے اکثریت درکار ہوگی، اگر اپوزیشن جماعتیں اکثریت بنانے کیلئے اتحاد کرتی ہیں تو وہ لیبر کو بے دخل کر سکتی ہیں تاہم انتخابات سے پہلے لیبر ذرائع نے کہا تھا کہ اس طرح کے اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ اسے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کیلئے مخالف نظریات کے حامل گروہوں کی ایک وسیع رینج کی ضرورت ہوگی۔ لیبر نے ورنرتھ، کولڈہرسٹ، سینٹ میریز، واٹر ہیڈ، الیگزینڈرا اور رائٹن ساؤتھ میں آزاد امیدواروں سے مقابلہ میں نشستیں کھوئی ہیں جب کہ فیلسورتھ ویسٹ میں لیبر سے فیلسورتھ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ لیبر نے فیلسورتھ ایسٹ اور ہالن ووڈ میں سیٹیں حاصل کیں جب کہ لب ڈیمز شا وار ڈ سے ایک آزاد سے ہار گئی۔

یورپ سے سے مزید