• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیک ہولڈرز آئینی حدود کا احترام کرینگے تو ملک آگے بڑھے گا، حافظ نعیم

لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز آئینی حدود کا احترام کریں گے تو ملک آگے بڑھے گا، سیاسی جماعتیں، ادارے آئین کی تابعداری کے لیے تیار ہیں تو گریٹر ڈائیلاگ کا آغاز ہوسکتا ہے، ڈائیلاگ کی بنیاد فارم45ہے، فارم47کی جعلی حکومت قبول نہیں کرسکتے، الیکشن دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنے جس کے پاس مینڈیٹ ہے اسے حکومت بنانے دی جائے، چار دن کا الٹی میٹم ختم ہورہا ہے، حکومت کو کسانوں سے گندم خریدنا پڑے گی، جس وقت ملک میں ڈالر کے لالے پڑے تھے اس دوران ایک ارب ڈالر سے گندم درآمد کی جعلسازی ہوئی، انوارالحق کاکڑ بیان بازیاں نہ کریں، ذمہ داران کے نام بتائیں۔منصورہ میں اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی، اسد قیصر، حامد خان ایڈووکیٹ، ثنااللہ بلوچ، اسد نقوی و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھا اپوزیشن پارٹیوں سے بحالی آئین کی قدر مشترک پر تعاون ہوسکتا ہے، اتحاد اور اشتراک کی نوعیت کا فیصلہ مجلس شوری کے اجلاس میں مشاورت سے کریں گے۔ قبل ازیں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں امیر جماعت سے ملاقات کی اور انہیں تحریک کے زیراہتمام 8مئی کو ہونے والے سیمینار میں شرکت کی دعوت دی جسے امیر جماعت نے قبول کرلیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دوطرفہ بات چیت میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال زیربحث آئی۔
اہم خبریں سے مزید