• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب یونیورسٹی کی تحقیق سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، شامی نائب وزیر تعلیم

لاہور(خبرنگار)شام کے وفد نے نائب وزیر تعلیم ڈاکٹر رامی وحید الضلی کی قیادت میں پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں وزارت تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں و تعلیمی شخصیات شامل تھی جبکہ ملاقات میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل ڈائریکٹرغفور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام اور مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز بھی موجود تھے۔ رامی وحید نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلیمی تعلقات کے فروغ میں عملی اقدامات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلیمی ماہرین کوایک دوسرے کے ساتھ علمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ کی تحقیق اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ تعلیم و تربیت بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کے طلباء کے تھیسز پاکستان میں جائزہ کے لئے بھجوانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شامی لوگ پاکستانیوں سے بہت پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شام کی جو مدد کی ہے اسے نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے انسانی وسائل بہتر بنانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا ماحول بہت متاثر کن ہے اورہم پاکستان کی قدیم جامعہ میں آ کر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے پنجاب یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ وفد کے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں افریقہ فلسطین، ایران و دیگر ممالک سے 150 طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کی جامعات سے تعلقات کو بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے 19 شعبہ جات انٹرنیشنل کیو ایس رینکنگ میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں آئی ٹی، زراعت، بائیولوجی اور دیگر شعبہ جات میں بہترین ماہرین موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے ماہرین شام کی جامعات میں شعبہ جات کی مدد کریں گے۔ ملاقات کے بعد شام کے وفد نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔
لاہور سے مزید