• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں احتجاج والا نہیں، خدمت والا کنٹینر لائے ہیں: : خواجہ عمران نذیر

وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر—فائل فوٹو
وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر—فائل فوٹو

وزیرِ صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے معاملے پر میڈیکل بورڈ بنایا ہے، انہیں بھرپور میڈیکل سہولتیں دی جا رہی ہیں، بشریٰ بی بی ہشاش بشاش اور بالکل ٹھیک ہیں، پشاور میں احتجاج والا نہیں خدمت والا کنٹینر لائے ہیں۔

وزیرِ صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے پشاور سٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے بہت سے علاقوں میں صحت کی سہولتیں نہیں ہیں، ڈینگی کے وقت وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فوری پشاور پہنچنے کا کہا، ان کی ہدایت پر ہم سینئر ڈاکٹرز کے ہمراہ پشاور آئے تھے لیکن اُس وقت کی حکومت نے واپس جانے کا کہا مگر ہم نے ڈینگی کی وباء میں یہاں ادویات دیں اور موبائل اسپتال بھی قائم کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ سابق گورنر خیبر پختون خوا حاجی غلام علی نے جاتی امراء میں نواز شریف اور مریم نواز کو پشاور کے متاثرینِ سیلاب کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے فوری امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ آج وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر 6 ٹرکوں پر امدادی سامان پشاور لائے ہیں، ہم پشاور میں احتجاج والا نہیں بلکہ خدمت والا کنٹینر لائے ہیں، نواز شریف کو پشاور کے لوگ بہت پسند ہیں، پشاور کے دیگر مسائل بھی مریم نواز کے سامنے رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کے چند علاقوں میں متاثرین کو سیلاب سے تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، ان کی بحالی تک پنجاب حکومت خدمت کرے گی۔

خواجہ عمران نذیر نے نے موبائل اسپتال کے حوالے سے اعلان کیا کہ پشاور کے مختلف علاقوں کے لیے ہم پنجاب سے ایک ہفتے کے لیے موبائل اسپتال بھی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتنی نفرت نہیں ہونی چاہیے، ہم نے ایک دوسرے سے لڑنا نہیں ہے، ہم خیبر پختون خوا حکومت سے بھی تعاون کے لیے تیار ہیں۔

وزیرِ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ شاید آج بھی کوئی ہماری خدمت لینے سے کترا رہا ہے، اگر لاہور میں کے پی کے وزیرِ صحت آئے تو ان سے مکمل تعاون کیا جائے گا، وزیرِ اعلیٰ کے پی بھی اپنا دل بڑا کریں۔

اس موقع پر میئر پشاور میٹرو پولیٹن زبیر علی نے کہا کہ پنجاب حکومت ہمیشہ خیبر پختون خوا کے عوام کا سہارا بنی، ہم بارش سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکیج بھیجنے پر پنجاب حکومت کے مشکور ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کو صحت اور تعلیم میں بھی امداد کی ضرورت ہے، وزیرِ اعلی مریم نواز کا شکریہ کہ مشکل میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔

قومی خبریں سے مزید