• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم اسکینڈل میں موجودہ حکمرانوں کا نام بھی آنے لگا


گند م درآمد اسکینڈل میں موجودہ حکمرانوں کا نام بھی سامنے آنے لگا۔

وزیراعظم شہبا زشریف کے وزارت فوڈ کے وزیر ہوتے ہوئے گندم کی درآمد کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

دستاویز کے مطابق موجودہ دور حکومت میں گندم درآمد کے وقت فوڈ سیکیورٹی کی وزارت بھی وزیراعظم شہبازشریف ہی کے پاس تھی۔

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال مارچ تک 283 ارب روپے کی گندم درآمد کی گئی، اس وقت وزیراعظم ہی وزارت فوڈ کے انچارج وزیر تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے3 اپریل کو رانا تنویر کو نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا اضافی قلمدان دیا، اس سے قبل ایک ماہ شہباز شریف اس کے وزیر تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گندم درآمد معاملے پر سیکرٹری فوڈ محمد آصف کو او ایس ڈی کردیا تھا۔

دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے ماہ 6 لاکھ 91 ہزار 136 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی جبکہ نگران دور میں 27 لاکھ 58 ہزار 226 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی تھی۔

دستاویز کے مطابق مارچ 2024 میں 57 ارب 19 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی گندم درآمد کی گئی جبکہ فروری تک 225 ارب 78 کروڑ 30 لاکھ روپے کی گندم امپورٹ ہوئی۔

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال مارچ تک کل 34 لاکھ 49 ہزار 436 میٹرک ٹن گندم درآمد کی گئی، یوں مارچ تک 282 ارب 97 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی۔

قومی خبریں سے مزید