• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی، نگہت فاروق ودود

لندن ( جنگ نیوز ) پیپلزپارٹی کے جیالے اورجیالیوں نے جو عزت دی وہ کبھی نہیں بھلا سکوں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر نگہت فاروق ودود سینئر نائب صدر ویمن ونگ پیپلزپارٹی اسلام آباد نے ابرار میر سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی یورپ کی طرف سے عشائیے میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک خاندان کی طرح ہے اور ہمیں اس پلیٹ فارم سے اپنی خواتین کے حقوق کی جنگ بھی لڑنی ہے، مجھے خوشی ہوئی کہ لندن کی اس تقریب میں پیپلزپارٹی کی خواتین عہدیداران بھی شریک ہیں، ہم ایک دوسرے کے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں گے تو مسائل کم ہوتے چلے جائیں گے ، ابرار میر کی بہت شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے بہترین تقریب کا انعقاد کیا اور سب سے ملنے کا شاندار موقع فراہم کیا۔ ابرار میر نے ڈاکٹر نگہت فاروق ودود کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مصروفیات سے وقت نکالا اور مل بیٹھنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جب بھی کوئی مہمان آتا ہے تو ہمیں ایسا لگتا ہے کہ پاکستان ہمارے پاس آگیا اور وطن کی یہی محبت ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ جوڑے رکھتی ہے۔ شمیم بھٹو نائب صدر پیپلزپارٹی برطانیہ، سمیعہ علی سیکرٹری جنرل ویمن ونگ برطانیہ اور شبنم شعیب سابق سیکرٹری جنرل ویمن ونگ اسلام آباد نے ڈاکٹر نگہت ودود کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی وہ پاکستان جاکر خواتین کے حقوق کیلئے مزید کام کرین گی، سینئر رہنما اشرف چغتائی، محمد ریاض صدر لائرز ونگ PYO یورپ، چوہدری نثار جوائنٹ سیکرٹری گریٹر لندن، عاصم حسیب سینئر نائب صدر ایسٹ لندن، چوہدری سرنواز نائب صدر ایسٹ لندن اور سرفراز خان ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری نے ڈاکٹر نگہت ودود کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی خواتین پر فخر ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں منفرد مقام حاصل کررہی ہیں اور یہی ملک کی ترقی کے کام آئے گا۔ تقریب میں فرخ شمسی، فریدہ بی بی، فریحہ بی بی، فواد مرزا کے علاوہ دیگر نے شرکت کی ۔آخر میں چوہدری لطیف اکبراسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کی ہمشیرہ مرحومہ اور چوہدری نثارجوائنٹ سیکرٹری گریٹر لندن کی مرحومہ پھوپھی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ کی گئی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر نگہت ودود اس سے پہلے شگفتہ نسرین نائب صدر پیپلزپارٹی برطانیہ کی رہائش گاہ پر دعوت میں شرکت کرچکی ہیں۔
یورپ سے سے مزید