کراچی میں کل سے میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہورہا ہے، مگر اب تک ہزاروں طلباء کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں ہوسکے ہیں۔
سالانہ امتحانات سے محض ایک روز قبل میٹرک بورڈ میں ایڈمٹ کارڈ کے حصول کےلیے طلبا و والدین کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ امتحانی فارم جمع کرانے کےلیے بھی کئی طلبا بورڈ آفس میں موجود ہیں۔
طلبا کا کہنا ہے کہ کل سے امتحانات کا آغاز ہے مگر ایڈمٹ کارڈ نہیں ملے، امتحان کا ایڈمٹ کارڈ دینا اسکول و بورڈ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب ترجمان میٹرک بورڈ نے بتایا کہ ایڈمٹ کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ 30 اپریل سے جاری ہے، جن اسکولوں نے آن لائن فارم جمع کروائے تھے وہ آن لائن پرنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ آخر ی دن ایک ساتھ کئی اسکول ایڈمٹ کارڈ پرنٹ کرتے ہیں تو لوڈ بڑھ جاتا ہے۔ اسکول انتظامیہ اپنی آئی ڈی پاسورڈ کے ساتھ بورڈ سے بھی پرنٹ نکال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج امتحانی فارم جمع کروانے کےلیے آنے والے طلبا کے فارم جمع نہیں کیے جائیں گے۔