خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گرد مارے گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، ٹانک میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں7 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں بھی خوارج کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، لکی مروت میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے بھارتی اسپانسرڈ خوارج سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے خوارج دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک اور لکی مروت میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب صدرِ مملکت نے ٹانک اور لکی مروت میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 9 خوارج کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔
صدر مملکت نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مکروہ عزائم ناکام بنانے پر فورسز کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اللّہ کے فضل سے قوم اور فورسز کا عزم اس فتنے کے خاتمے تک برقرار رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف 2 کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے 9 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کر کے خوارجیوں کو ہلاک کیا، خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
سیکیورٹی فورسز کی جرات اور پروفیشنل ازم پر فخر ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز بڑی کامیابیاں سمیٹ رہی ہے، خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز پُرعزم ہیں۔