صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے عشائیے سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل اور ساحلی پٹی کی بدولت خاص اہمیت کا حامل ہے، صوبے کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ بلوچستان میں تیل اور گیس موجود ہیں لیکن ہم نے آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت ہے کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو نکال کر ملکی معاشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہے کہ میں خاص کر بلوچستان کی ترقی کےلیے زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں، صوبے کے مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بنجر زمینوں کو زرعی پیداوار میں اضافے کے قابل بنائیں گے، صوبوں کو حقوق دینے کیلئے اٹھارویں آئینی ترمیم پاس کی گئی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے کم آمدن خاندانوں کو پیکیج دے رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح کے پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے۔