• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیزل کاروں کو گھر کے قریب کھڑی کرنے والوں سے ایک سال میں 250 پاؤنڈ زیادہ لے لئے گئے

لندن (پی اے) لندن کی نصف سے زیادہ کونسلوں کی جانب سے فضائی آلودگی کا سرچارج عائد کئے جانے کی وجہ سے ڈیزل کاروں کے مالکان سے اپنی گاڑی گھر کے قریب کھڑی کرنے والوں سے ایک سال میں 250پائونڈ زیادہ وصول کر لئے گئے۔ دارالحکومت کے 32برو میں سے 18میں رہائشی علاقے کی سڑکوں پر ڈیزل گاڑیوں کی پارکنگ پر زیادہ چارج وصول کئے جاتے ہیں، یہ اضافی فیس ڈیزل کاروں سے پھیلنے والی آلودگی کی حوصلہ شکنی کیلئے عائد کی گئی ہے۔ موٹرنگ کے ایک گروپ نے ڈیزل سرچارج کو کونسلوں کی جانب سے رقم چھیننے کے مترادف قرار دیا ہے۔ گھر کے قریب ڈیزل گاڑیاں کھڑی کرنے پر سب سے زیادہ اضافی فیس ایسٹ لندن کی ہیکنی کونسل کی جانب سے 250 پائونڈ وصول کئے جارہے ہیں جبکہ Islington میں 220، میرٹون میں 150اور کیمڈون میں 115پائونڈ تک وصول کئے جارہے ہیں جبکہ برائٹن اور ہووے سٹی کونسل نے ڈیزل کاروں کو اپنے سستے ترین پارکنگ پرمٹ سے خارج کردیا ہے، جس کے معنی 62.05 پائونڈ تک اضافی وصولی ہے۔ ایڈنبرا میں ڈیزل کار پارکنگ پر 50پائونڈ وصول کئے جاتے ہیں۔ تازہ ترین سرکاری اعدادوشمار میں بتایا گیا تھا کہ 2022میں برطانیہ کے 4علاقوں، جن میں گریٹر لندن، گریٹر مانچسٹر، لیورپول اور شفیلڈ شامل ہیں۔ NOx کے اخراج کی سالانہ حد پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔ ڈبل اے کی موٹرنگ پالیسی کے ترجمان لیوک بوسڈیٹ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے پرمٹ کو مکینوں کے مفاد کے مطابق سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے کو ریگولیٹ کرنے کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے، اسے کار کی پسند ناپسند کا ذریعہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ گاڑیوں کے خریداروں کو سرسبز متباد ل اختیار کرنے پر رضامند کرنے کیلئے گاڑی کی ایکسائز ڈیوٹی یا کمپنی کار ٹیکس کو ذریعہ بنایا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ نیشنل کار کے ٹیکسوں میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ تمام ڈرائیوروں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے گا۔ کونسلوں کی جانب سے گھروں سے باہرسڑکوں پر کار پارکنگ پر سرچارج وصول کیا جانا صریح امتیازی سلوک ہے اور اس طرح رقم کی وصولی رقم چین لینے کے مترادف ہے۔ ہیکنی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ لندن کی زہر آلود ہوا سے صحت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہم نے2015میں ڈیزل سرچارج کی وصولی شروع کی، جس کا مقصد لوگوں زیادہ صاف ستھری گاڑیاں استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن، جو انگلینڈ اور ویلز کی کونسلوں کی نمائندگی کرتی ہے، کے ٹرانسپورٹ سے متعلق ترجمان ڈیرن روڈویل کا کہنا ہے کہ اس بات کا انحصار ہر کونسل پر ہوتا ہے کہ وہ کس طرح آلودگی میں کمی کر کے ہوا کا معیار بہتر بناتی ہے، جس میں رہائشی علاقوں میں گاڑیوں کی پارکنگ پر ڈیزل سرچارج کی وصولی شامل ہے، بہت سی کونسلیں کار سے خارج ہونے والے کاربن ڈائی آکسائیڈ پر رہائشی علاقوں میں کار پارکنگ کی مختلف فیس وصول کرتی ہیں۔
یورپ سے سے مزید