ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 148 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 148 ملتان میں 7 امیدواران انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی کو مسلم لیگ ن کی بھی حمایت حاصل ہے۔
ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تیمور الطاف سے ہے۔
عام انتخابات میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے تیمور الطاف ملک کو شکست دی تھی، بعد میں چیئرمین سینیٹ بننے کے لیے انہوں نے یہ سیٹ چھوڑ دی تھی۔
مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج ملتان این اے 148 میں ضمنی انتخابات ہیں، عوام کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ای ایم سی سی میں الیکشن سے متعلق رابطہ اور شکایات درج کرانے کی سہولت ہے، شکایات کے بروقت ازالے کے لیے فوری طور پر کارروائی ہو گی، سینٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمشین کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطح پر کنٹرول سینٹر بنائے گئے ہیں، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمشین کا کہنا ہے کہ ای ایم سی سی نتائج کے موصول ہونے تک کام کرے گا، کنٹرول سینٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔