• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہمارا اسٹرٹیجک پارٹنر ہے، سعودی معاون وزیر سرمایہ کاری

اسلام آباد(ایجنسیاں)سعودی معاون وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہمارااسٹرٹیجک پارٹنر ہے ‘ سعودی عرب تجارت کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہاہے ‘ سعودی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں‘سعودی سرمایہ کار پاکستان کی ترقی میں ہرقسم کی مدد کریں گے‘پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہناہے کہ حکومتی پالیسی سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے‘ اب پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا ‘ وزراءاور بیورو کریسی کو پیچھے بیٹھنا ہوگا‘پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری ضروری ہے‘ بزنس کرنا حکومت کا کام نہیں ہے‘ نجکاری کا ایجنڈآئندہ ماہ کے آخر یا جولائی تک مکمل ہونے کی امید ہے‘ہم آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں جا رہے ہیں اور ہم پرعزم ہیں کہ یہ پاکستان کے لیے آخری پروگرام ہو ۔ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری فورم 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت ڈھانچہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات پر کام کررہی ہے، جس پر عملدرآمد کے لئے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں‘توانائی شعبہ میں اصلاحات جاری ہیں‘ معیشت کے کلیدی معاشی اشاریے مثبت جا رہے ہیں جس سے معیشت میں بہتری ونموکی عکاسی ہو رہی ہے، زراعت میں 5 فیصد اضافہ ہو رہا ہے اور اس سال گندم اور چاول سمیت بڑی فصلوں کی بمپر پیداوار ہوئی ہیں، حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن فاضل رہا، اس کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی محصولات میں رواں سال ریکارڈ اضافہ ہواہے، مہنگائی کم ہو کر 17 فیصد تک آ گئی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے حصص بڑھ رہے ہیں ‘حکومت اب نجکاری کی طرف بڑھ رہی ہے اور پی آئی اے کی بھی نجکاری کی جائے گی ۔وزیر تجارت جام کمال نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات پرکام کرہی ہے، ملکی معیشت میں مزید بہتری کی توقع ہے۔

اہم خبریں سے مزید