• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرائی بارڈر ایریاز میں ملٹری پولیس، بلوچ لیویز، پنجاب پولیس کے انضمام کا فیصلہ

لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب کے بلوچستان سے ملحقہ ٹرائی بارڈر ایریاز میں بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کے پنجاب پولیس میں انضمام کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ ارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کی کپیسٹی بلڈنگ اور مضبوط بنانے کے لئے ان میں فوری طور پر بھرتیوں کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنروں اور سپیشل برانچ کو افغانوں کے ساتھ ساتھ صوبے میں مقیم تاجک باشندوں کے انخلاء کے لئے ان کی جیو میپنگ کا ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے 220افغان طالبعلموں کی میپنگ مکمل کر لی ہے جو لاہور، راولپنڈی ، چکوال اور خانیوال کے مدارس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پنجاب کے تین شہروں لاہور ، گجرات اور راولپنڈی کے پانچ مدارس میں پڑھانے والے اور مہتمم8افغان اساتذہ کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایرانی تیل سمیت دیگر اشیاء کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن نہ لینے والے پنجاب پولیس ، کسٹمز، بارڈر ملٹری پولیس اور محکمہ خوراک پنجاب کے 126کرپٹ افسران کے خلاف تاحال کوئی سخت تادیبی کاروائی نہیں کی جاسکی۔ ان کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کے لئے رپورٹس کور ہیڈ کوارٹر لاہور، سپیشل برانچ، وزیر اعظم آفس اور انٹیلی جنس بیورو کی طرف سے بھجوائی گئی تھیں۔
اہم خبریں سے مزید